نئی دہلی، 25؍جولائی (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )بی جے پی سے استعفی دینے والے نوجوت سنگھ سدھو نے آج اپنے استعفی دینے کی وجہ پر روشنی ڈالی ، تو بی جے پی ذرائع نے بھی اس سلسلے میں صفائی دی۔نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ میں نے استعفی اس لیے دیا کیونکہ مجھ سے کہا گیا تھا کہ آپ پنجاب کی طرف رخ نہیں کریں گے۔مجھے امرتسر کے بجائے کروکشیتر سے الیکشن لڑایا گیا۔میں اپنی بنیاد ، اپنا وطن کیسے چھوڑ دوں؟اس پورے معاملے پر بی جے پی کے ذرائع کے حوالے سے جواب آیا ہے۔بی جے پی نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ اگر ان کو پنجاب سے دور رکھنا ہوتا، تو راجیہ سبھا کیوں لاتے؟پنجاب الیکشن میں سدھو کو آگے رکھنا چاہتے تھے۔ان کے پنجاب نہ جانے کی کوئی شرط نہیں تھی۔دراصل، پنجاب اکائی نے کور گروپ کے لیے سدھو کا نام نہیں بھیجا تھا۔بی جے پی کی مرکزی قیادت نے کور گروپ میں سدھو کا نام ڈالا تھا۔
پنامہ پیپرس لیک معاملے میں سپریم کورٹ نے مرکزی، سی بی آئی، آر بی آئی اور سیبی کو نوٹس بھیجا
نئی دہلی، 25؍جولائی (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دنیا کے سیاسی اور صنعتی گلیاروں میں ہلچل مچانے والے پنامہ پیپرس لیک معاملے میں سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت، سی بی آئی، آربی آئی اور سیبی کو چار ہفتے میں جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔سپریم کورٹ اس معاملے کی سماعت 29؍اگست کو کرے گا۔اس سے پہلے عدالت نے مرکزی، سی بی آئی،آر بی آئی اور سیبی کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا تھا۔دراصل سپریم کورٹ میں مفادعامہ کی عرضی داخل کی گئی ہے جس میں پنامہ پیپرس لیک میں سامنے آئے بیرون ملک اکاؤنٹ رکھنے والے ہندوستانیوں کے خلاف عدالت کی نگرانی میں سی بی آئی جانچ کرانے کامطالبہ کیا گیا ہے۔اتنا ہی نہیں ، وجے مالیا کی مثال دیتے ہوئے اسٹاک مارکیٹ کو متاثر کرنے کی معلومات ہوتے ہوئے کوئی کارروائی نہ کرنے پر سیبی کے چیئرمین اور ڈائریکٹروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔سپریم کورٹ میں یہ مفاد عامہ عرضی وکیل ایم ایل شرما نے داخل کی ہے۔اس نئی درخواست میں شرما نے کہا ہے کہ انہوں نے اس بارے میں گذشتہ 10؍نومبر اور 9؍اپریل کو ہندوستان حکومت اور صدر کو میمو دنڈم دیا تھا لیکن انہیں آج تک اس کا کوئی جواب نہیں ملا۔اس درخواست کو دائر کرنے کی نئی بنیاد گذشتہ 3؍اپریل کو پیدا ہوئی جب پنامہ پیپرس لیک معاملہ میں 500سے زیادہ ہندوستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹ ہونے کا معاملہ روشنی میں آیا۔